Tuesday 27 February 2018

غیرت اور شرم و حیا، ہوتی ہے کیا؟


ہم عجیب وغریب اور غریب وعجیب قسم کے لوگ ہیں۔ہم خود ہی چیزوں  اور نظریات کو متعیّن  اور طے کرتے ہیں کچھ عرصہ یا چند دن ان پر سختی سے کار بند رہتے ہیں، اور کسی بھی قیمت پر ان پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہوتے ، پھر کچھ عرصے کے بعد ہماری ضروریات بدلتی ہیں اور ساتھ ہی نظریات بھی بدل جاتے ہیں اور جیسے ہی ہماری ضروریات پوری ہو جاتی ہیں تو ایک مخصوص وقت کے بعد وہی نظریات وہی چیزیں   ہمارے لیے ضروری ہو جاتی  ہیں اور ایسے ضروری ہو جاتے ہیں کہ اگر کوئی ان نظریات یا خیالات کے برعکس کوئی بات کرے تو ہم اس سے تعلقات ختم کر دیتے ہیں اور اکثر اوقات تو مرنے مارنے پراُتر آتے ہیں۔
مثال کے طور پر ، اگر کوئی آپ  کا بہت اچھّا دوست ہو ،آپکے صبح و شام اسی کے ساتھ گزرتے ہوں، آپ کا کھانا ، پینا ،اُٹھنا ،بیٹھنا  اُسی کے ساتھ ہو اور یہاں تک کہ آپ راز و نیاز کی ساری باتیں بھی اسی کے ساتھ کرتے ہوں ، آپ اُس کی خاطر اور وہ آپ کی خاطر جان دینے تک دینے کو تیار ہو،  پھر ایسا ہو کہ ایک دن آپ  کایہی بہترین دوست  (Best Friend)آپ کے پاس آئے اور کہے کہ بھائی مجھے آپ کی بہن(Sister) یا بیوی (Wife)کی ایک عدد تصویر(Picture)  چاہیے؟ تو اب آپ کا کیا ردّ عمل ہو گا؟ اب آپ اپنے اس جگری دوست کے ساتھ کیا  سلوک کریں گے یہ  تو آپ اچھّی طرح جانتے ہیں۔
آئیے اب تصویر کا دُوسرا رُخ   بھی دیکھتے ہیں:۔
ہوتا یُوں ہے کہ اُس دوست والے واقعے یا قصّے کے چند ہی دنوں  یا کُچھ  عرصے بعد آپ کی  یا آپ کے بھائی کی  شادی  ہوتی ہے، تو آپ خود اپنے شہر یا علاقے کے سب سے بہتریں مووی میکر (Movie Maker) کے  پاس جاتے ہیں ، اسے پیسے  دیتے ہیں اور آرڈر بک کروا کے آ جاتے ہیں۔ اور پھر شادی والے دن  آپ اس مووی والے کو طلب کرتے ہیں ، اپنے گھر  یا  جہاں پر شادی کی تقریبات ہو رہی ہوں وہاں پر لے کر جاتے ہیں اور اُس کو ہدایات دے رہے ہوتے ہیں کہ ۔:
یہ میری بہن ہے، یہ میری بھابھی ہیں اور یہ میری وائف ہے ان  کی ویڈیو اور تصویریں زیادہ اور اچھّی ہونی چاہیے ہاں اور ایڈیٹنگ (Editing) بھی زبردست ہونی چاہیے، اور بعد دفعہ تو ایسا ہوتا ہے کہ آپ کی بہن ، بھابھی یا بیوی خود براہ راست اس مووی میکر کو ہدایات  دے رہی ہوتی ہیں کہ بھائی ایسے نہیں ایسے کرنا ، یہ پوز اس طرح نہیں اس طرح ہونا چاہیے۔
جب مووی بن کر آئے گی ، اُسے کون  کون اور کس کس نظر سے دیکھے گا اس  سے آپ  کو کوئی فرق پڑتا ہے کہ نہیں؟ یہ ایک الگ سے لمحہ فکریہ ہے!
اب فیصلہ آپ کریں کہ آپ نے اپنےدوست جس کو آپ اچھّی طرح جانتے تھے اور ایک پیشہ ور مووی میکر میں کیا فرق کیا؟
آپ  نے جو اپنے دوست کے ساتھ دو ، دو ہاتھ کیے  اس کی وجہ کیا تھی؟ اگر وہ آپ کی  غیرت اور عزت کا معاملہ تھا یا شرم وحیا کا مسئلہ تھا  تو   پھر جب آپ مووی میکر  بُلا کو ہدایات دے رہے تھے تو اس وقت آپ کی غیرت کو کیا ہوا کہ آپ نے خود پیسے دے کر دونوں  ہاتھوں سے اپنی  غیرت کو رُخصت کیا!
آخر کب تک ہم  کلچر اور فیشن کے نام پر اپنی غیرت اور شرم و حیا کا سودا کرتے رہیں گے۔ آخر کب تک ہم اسی دو رُخی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔آخر کب تک ہم اپنی نادانیوں پر آنکھیں بند کیے رکھیں گے۔ یہ تو ہمارے معاشرےکا  ایک عام سا فلسفہ تھا جس کی طرف میں نے آپ کی توجہ دلانے کی کوشش کی ، لیکن اس کے جو دیگر اخلاقی اور بالخصوص مذہبی  نقصانات ہیں  وہ کہیں زیادہ سنگین ہیں ، لہٰذا اُن کے بارے بھی ضرور سو چیے گا کہ ہم کون ہیں ، کیا ہیں اور کیا کر رہے ہیں!۔